ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / احمدآباد سلسلہ وار بم دھماکہ کیس کے 28؍ ملزمین بری، 49؍ خاطی قرار؛ خاطی قرار دینے کے فیصلے سے جمعیۃ العلماء مطمئن نہیں

احمدآباد سلسلہ وار بم دھماکہ کیس کے 28؍ ملزمین بری، 49؍ خاطی قرار؛ خاطی قرار دینے کے فیصلے سے جمعیۃ العلماء مطمئن نہیں

Thu, 10 Feb 2022 01:56:22    S.O. News Service

احمد آباد 9 فروری (ایس او نیوز) 13؍ سال کی طویل شنوائی کے بعد احمدآباد  کی ایک خصوصی عدالت نے منگل کو فیصلہ سناتے ہوئے ۲۰۰۸ء کے احمدآباد سلسلہ وار بم دھماکوں کے 77؍ ملزمین میں سے 28؍ کو ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر بری کردیا البتہ 49؍کو خاطی قراردیا ہے۔

 جمعیۃ علمائے ہند نے 49؍ ملزمین کو خاطی قراردینے کے فیصلے پر بے اطمینانی کااظہار کرتے ہوئے اسے ہائی کورٹ میں  چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

فیصلہ ظاہر ہونے کے بعد ممبئی میں ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے سربراہ گلزار اعظمی نے ممبئی میں  اخبار نویسوں کو بتایا کہ  خاطی قرار دیئے گئے ملزمین کی سزاؤں کا تعین ہونے کے بعد نچلی عدالت کے فیصلہ کو احمد آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا کیونکہ خصوصی عدالت نے دفاع کی جانب سے پیش کئے گئے ثبوت وشواہد کو قبول نہیں کیا  اس لئے فیصلے پر  نظر ثانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بدھ کو دفاعی وکلاء مجرم قرار دیئے گئے افراد کو کم سے کم سزا دینے کیلئے خصوصی عدالت میں  اپنے دلائل پیش کریں گے۔

 گلزار اعظمی نے بتایا کہ اس معاملے میں ملک کے مختلف شہروں سے گرفتارکئے گئے 77؍ اعلیٰ تعلیم یافتہ ملزمین میں سے۶۱؍ مسلم نوجوانوں کے مقدمات کی پیروی جمعیۃ علماء نے کی۔ سینئر ایڈوکیٹ آر کے شاہ کی سربراہی میں سینئر ایڈوکیٹ ایل آر پٹھان، ایڈوکیٹ ایم ایم شیخ، ایڈوکیٹ خالد شیخ، ایڈوکیٹ الیاس شیخ، ایڈوکیٹ نینا بین  اور  دیگر نے عدالت میں جرح کی۔ انہوں نے بتایا کہ  یہ ہندوستانی عدلیہ کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا  پہلا ایسا مقدمہ ہے جس میں ملزمین کی درخواست پر۳۵؍ایف آئی آر کو یکجا کرکے ایک ہی عدالت میں  سماعت ہوئی ۔ کل ۱۱۶۳؍ سرکاری اور ۸؍ دفاعی گواہ پیش ہوئے۔ 


Share: